وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں بچی سے زیادتی اور قتل کے مجرم کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کردی۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے واقعے پر آئی جی سندھ سے رابطہ کیا اور کہا کہ بچوں، خواتین، بزرگوں اور کمزور طبقے کے خلاف زیادتی پر پولیس سخت اقدامات کرے۔
وزیراعلیٰ سندھ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ صدر لکی اسٹار کے قریب کچرا کنڈی سے بوری میں بند ایک بچی کی لاش ملی ہے۔
آئی جی سندھ پولیس نے بتایا کہ جناح اسپتال میں پوسٹ مارٹم سے معلوم ہوا کہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا۔
وزیراعلی سندھ کو دی گئی بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ لاش ملنے کے وقت بچی نے بظاہر اسکول یونیفارم پہنا ہوا تھا، جس کی عمر 9 سال ہے، تاحال اُس کی شناخت نہیں ہوسکی۔
اس پر مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ بچوں، خواتین، بزرگوں اور کمزور طبقے کے خلاف زیادتی پر پولیس سخت اقدامات کرے، سندھ کے تمام تھانوں کو حکومت کی پالیسی سے آگاہ کیا جائے۔