• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری نے فضل الرحمان سے آئینی ترمیم پر حمایت نہیں مانگی، کامران مرتضیٰ


پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی-ف) نے اگلے ہفتے پارلیمنٹ اجلاس میں ممکنہ آئینی ترمیم لانے کے معاملے کو قیاس آرائی قرار دے دیا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں جے یو آئی کے سینیٹر کامران مرتضیٰ اور پی پی پنجاب کے سینئر رہنما حسن مرتضیٰ نے شرکت کی۔

سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے مولانا فضل الرحمان سے آئینی ترمیم پر حمایت نہیں مانگی۔

جے یو آئی سینیٹر نے کہا کہ عدلیہ سے متعلق ترمیم لانے پر افواہیں گردش میں ہیں، حکومت کے کچھ لوگ چاہتے ضرور ہیں لیکن ان کے پاس نمبر نہیں۔

کامران مرتضیٰ نے مزید کہا کہ آئینی ترمیم جب آئے گی تو تحریک انصاف کے ساتھ مشاورت کے بعد رائے دیں گے۔

حسن مرتضیٰ نے کہا کہ پیپلزپارٹی پنجاب میں پاورشیئرنگ نہیں چاہتی، پنجاب میں بجلی بلوں میں ریلیف قلیل مدتی ہے، جس پر پیپلزپارٹی کو اعتراض ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی صفوں میں ممکنہ آئینی ترمیم پر کوئی غور نہیں ہوا کیوں کہ اس کا کوئی وجود ہی نہیں۔

قومی خبریں سے مزید