اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ ختم نبوت ایمان کا حصہ ہے، اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔
اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت قومی اسمبلی کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس میں ختم نبوت سے متعلق کیس میں پارلیمان، علماء اور دیگر کے مثبت کردار کی تعریف کی گئی۔
اعلامیہ کے مطابق ایڈوائزری کمیٹی اجلاس میں قومی اسمبلی اجلاس کے ایجنڈے اور دورانیے سے متعلق بات چیت ہوئی، قومی اسمبلی کا مورخہ 26 اگست سے شروع ہونے والے اجلاس کا دورانیہ دو ہفتے رکھنے کی تجویز دی گئی۔ ضرورت پڑنے پر قومی اسمبلی کے نویں اجلاس کے دورانیے میں ردوبدل کیا جا سکتا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس اگلے ہفتے بدھ یا جمعرات کو طلب کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ مشترکہ اجلاس میں کوئی آئینی ترمیم نہیں ہو سکتی، اس سے متعلق باتیں بے بنیاد ہیں۔
اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ممبران قومی اسمبلی نوید قمر، شیخ آفتاب، شہلا رضا، طارق فضل چوہدری، اعجاز جاکھرانی شریک تھے۔
ایڈوائزری کمیٹی اجلاس میں نزہت صادق، خالد حسین مگسی، نور عالم خان، شگفتہ جمانی، گوہر علی خان، عامر ڈوگر، سید امین الحق، علی محمد خان، زرتاج گل، سید حفیظ الدین بھی شریک تھے۔