• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشتگرد پاکستان کی ترقی و سی پیک روکنا چاہتے ہیں، انکا خاتمہ کرکے دم لیں گے، وزیراعظم

فائل فوٹو۔
فائل فوٹو۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے واضح پیغام دیا ہے کہ دہشتگردی کو ختم کرنے کا وقت آگیا ہے، دہشت گردوں کے مذموم ارادے ناکام ہوں گے، خاک میں مل جائیں گے، دہشت گردوں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔ دہشتگرد پاکستان کی ترقی اور سی پیک روکنا چاہتے ہیں۔ پاکستان اور چین میں فاصلے پیدا کرنا چاہتے ہیں۔

کابینہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کا مقصد ملک میں خلفشار پیدا کرنا ہے، دہشت گردوں کےلیے کوئی جگہ نہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، افواجِ پاکستان اور سپہ سالار پُرعزم ہیں، اس مقصد کے لیے افواجِ پاکستان کو تمام وسائل مہیا کریں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کے آئین اور جھنڈے کو تسلیم کرنے والوں سے بات چیت کے راستے کھلے ہیں، دشمن کے ساتھ نہ بات چیت ہوسکتی ہے نہ نرم رویہ اختیار کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج اسلام آباد میں ہوا۔ اس حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق کابینہ نے بلوچستان میں دہشتگردی اور نہتے شہریوں پر بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت کی۔ 

اعلامیہ کے مطابق شہید سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکاروں اور نہتے شہریوں کےلیے دعائے مغفرت کی گئی۔ اعلامیہ کے مطابق کابینہ نے دہشتگردوں کی جلد نشاندہی کر کے ان کےخلاف بھرپور کارروائی کی ہدایت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا تمام وزراء اور اداروں کو قوم کی ایک ایک پائی بچانے کےلیے ایسے بہتر فیصلے کرنے چاہیے۔ اجلاس میں پاک پی ڈبلیو ڈی کی تحلیل، اسٹاف اور جاری منصوبوں کی دیگر وزارتوں اور اداروں میں منتقلی سے متعلق تجاویز پیش کی گئی۔ 

اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی سفارشات کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گورننس کی بہتری اور ادارہ جاتی اصلاحات کےلیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ اداروں کی ڈ یجیٹلائزیشن اور اسمارٹ منیجمنٹ متعارف کروا رہے ہیں۔ اجلاس میں وزیرخزانہ کی سربراہی میں قائم ادارہ جاتی اصلاحات کےلیے قائم کمیٹی کی تجاویز پیش کی گئی۔ 

اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے کفایت شعاری مہم کے اقدامات کو جاری رکھنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک اس بات کا متحمل نہیں ہوسکتا کہ افسر شاہی اور اشرافیہ غریب عوام کے ٹیکس پر عیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ جہاں تک ممکن ہوسکا غریب عوام کی ایک ایک پائی کی حفاظت کروں گا۔ اعلامیہ کے مطابق  وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 22 اگست کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کردی۔

قومی خبریں سے مزید