اسلام آ باد ( نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشنز کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔وزیراعظم نے شہداء کی بلندی درجات کی دعا کی ہے اور ان کے خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں نے دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملا دیا ۔پوری قوم اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، دہشتگردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں۔ دوسری طرف وزیرِ اعظم نے قلات میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت اور دہشتگردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں پولیس و لیویز اہلکاروں اور شہریوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔