چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مون سون سسٹم کا مرکز سندھ میں داخل ہو چکا ہے۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سردار سرفراز نے کہا ہے کہ ڈیپ ڈپریشن کا مرکز ننگر پارکر کے قریب ہے، آئندہ 24 گھنٹوں میں سسٹم کراچی کے جنوب بحیرۂ عرب تک آ سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سسٹم کے باعث شہرِ قائد میں آج وقفے وقفے سے معتدل سے موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے، کل بھی تیز اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ 31 اگست تک سندھ میں سسٹم بارش کا سبب بنے گا۔
محکمۂ موسمیات نے کراچی میں گزشتہ روز سے ہونے والی بارش کے اعداد و شمار کر دیے۔
کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ بارش گلشنِ حدید میں 62 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق بن قاسم میں 44.2 ، قائد آباد میں 29، سرجانی میں 19، کورنگی میں 18 اور یونیورسٹی روڈ پر 16.7 ملی میٹر بارش ہوئی۔
اس کے علاوہ کیماڑی میں 14.5، ڈی ایچ اے فیز ٹو میں 13.4، جناح ٹرمینل پر 12.8، اولڈ ایئر پورٹ پر 11.5، شارعِ فیصل پر 12 اور گلشنِ معمار میں 10.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ گڈاپ میں 10.1، صدر میں 10، نارتھ کراچی میں 8.4، ناظم آباد میں 7.8 اور اورنگی ٹاؤن میں 5.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔