حکمران اتحاد میں شامل پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے وفد نے یوٹیلیٹی اسٹورز کے ملازمین سے اظہار یکجہتی کردیا۔
اعجاز جاکھرانی کی قیادت میں پی پی وفد یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کے دھرنے میں ڈی چوک پہنچا اور شرکاء سے اظہار یکجہتی کیا۔
اس موقع پر اعجاز جاکھرانی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے حکم پر یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کے پاس آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی یوٹیلیٹی اسٹورز کو بند نہیں ہونے دے گی، ہم اس معاملے پر اسحاق ڈار سے ملیں گے۔
پی پی رہنما نے مزید کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن سے لاکھوں ملازمین کا روزگار وابستہ ہے، پیپلز پارٹی ہمیشہ مزدوروں کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔
دھرنے سے خطاب میں پی پی رہنما چوہدری منظور نے کہا کہ پیپلزپارٹی یوٹیلیٹی اسٹورزملازمین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سےکہتا ہوں،اگرکچھ بنا نہیں سکتے توبنے ہوئے بنائے ادارے تباہ کیوں کررہے ہو۔
پی پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ بھٹوصاحب نے لوگوں کی سہولت کےلیے یوٹیلیٹی اسٹورزکارپوریشن بنائی تھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ یوٹیلٹی اسٹورزسے لوگوں کا روزگار وابستہ ہے،عوام کوبھی بڑی سہولت ملتی ہے۔