چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کو پنجاب میں سستی بجلی پروگرام کا جائزہ لینے کی ذمے داری دے دی۔
سولر پینل دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وفاق سے بات کریں، اگر ہم بھی پنجاب کی طرح سستی بجلی دے سکتے ہیں تو سولر پروگرام بھاڑ میں جائے، لیکن اگر عوام کو دو مہینے ریلیف کے چکر میں 12 مہینے تکلیف ملتی ہے تو سولر نظام زیادہ بہتر ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ایسا فیصلہ تو بانی پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کے بعد کیا تھا جس کا خمیازہ عوام آج تک مہنگائی کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اب تو نہ لانگ مارچ ہے نہ عدم اعتماد، تو یہ فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر وفاق کا نمائندہ ہمیں قائل کردے تو ہم ان کے طریقے سے کام کریں گے لیکن اگر وفاق کا منصوبہ متنازع ہوا تو ہمارے پروگرام کا ساتھ دیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبے مل کر کام کریں گے تو عوام کا فائدہ ہوگا۔