• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی ٹی کے 9 شعبوں میں سرٹیفکیٹ پروگرام، پچاس کروڑ کی منظوری

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے غٖربت میں کمی پروگرام کے تحت طلبہ اور پروفیشنلز کےلیے آئی ٹی کے 9شعبوں میں سرٹیفکیٹ پروگرام شروع کرنے کی خاطر پچاس کروڑ روپے کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پروگرام کے تحت سرٹیفکیٹ ہولڈرز کو انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق عملی تربیت دی جائےگی۔ سرکاری اعلامیہ کے مطابق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کے اجلاس میں چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین ایچ ای سی پروفیسر طارق رفیع ، وزیراعلیٰ کے سیکریٹری رحیم شیخ، سیکریٹری اطلاعات، سائنس و ٹیکنالوجی نور احمد سموں، سیکریٹری جامعات و بورڈز عباس بلوچ، وی سی این ای ڈی یونیورسٹی ڈاکٹر سروش لودھی، وی آسی ئی بی اے سکھر ڈاکٹر آصف شیخ، وی سی مہران یونیورسٹی پروفیسر طحہ حسین، ممبر محکمہ آئی ٹی ایاز عقیلی اور دیگر نے شرکت کی ۔ سیکریٹری آئی ٹی نور سموں نے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی کہ کراچی اور تھرپار ڈویژن کےلیے آئی ٹی کورسز این ای ڈی یونیورسٹی کرائے گی۔ مہران یونیورسٹی حیدرآباد ، میرپور خاص ڈویژن اور شہید بےنظیرآباد جبکہ آئی بی اے سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن کےلیے کورسز کرائے گی۔ ابتدائی طور پر پروگرام دس ہزار نوجوانوں کی تربیت کےلیے شروع کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے پروگرام کےلیے سندھ آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ کو پچاس کروڑ روپے جاری کردیے۔