بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے وکیل انتظار پنجوتھا کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے اس سے زیادہ اہم کچھ نہیں کہ ایک سابق وزیراعظم کو ملٹری کورٹ لے جایا جارہا ہے۔
اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی سے وکلاء رہنماؤں نے ملاقات کی، اس بارے میں وکیل انتظار پنجوتھا نے علی اعجاز بٹر کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی سے مختلف کیسوں پر گفتگو ہوئی، ملٹری کورٹس پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست پر بات ہوئی۔
انتظار پنجوتھا نے مزید کہا کہ ہماری استدعا تھی کل ہی ہماری درخواست پر سماعت ہو، اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہماری درخواست پر اعتراضات لگائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بانی چیئرمین نے دوران گفتگو کہا کہ اس زیادہ اہم کچھ نہیں ایک سابق وزیراعظم کوملٹری کورٹ لے جایا جارہا ہے۔
انتظار پنجوتھا نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے بات چیت میں استفسار کیا کہ کس طرح ایک مقبول جماعت کے سربراہ کوملٹری کورٹ لےجایا جاسکتا ہے؟
پی ٹی آئی کے وکیل رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان سے القادر ٹرسٹ کیس اور مخصوص نشستوں کے کیس سے متعلق بھی گفتگو ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے مخصوص نشستوں کا فیصلہ جلد آنا چاہیے، عمران خان کو خدشہ ہے کہ انہیں ملٹری کورٹس لے جایا جائے گا۔
انتظار پنجوتھا نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی ہے کسی سویلین کا کیس ملٹری کورٹ کس طرح لے جایا جاسکتا ہے، بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے نیب ترامیم کا فیصلہ بھی جلد سنایا جانا چاہیے۔