رکنِ قومی اسمبلی حنیف عباسی نے پی ٹی آئی اور اس کے بانیٔ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کو ’گڈ ٹو سی یو‘ والے جج چاہئیں لیکن وہ ختم ہو گئے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران حنیف عباسی نے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے نواز شریف کے لیے اتنے زور دار نعرے مارے ہوئے ہیں کہ آج تک میں نے نہیں مارے۔
انہوں نے کہا کہ آپ جو باتیں کر رہے ہیں وہ ہم نے سزائے موت کی کوٹھڑی دیکھ کر بھی نہیں کیں، دنیا اس وقت پاکستان پر حملہ آور ہے اور اپوزیشن لیڈر ان کے آلۂ کار ہیں، ان کی جماعت کو اسرائیل اور بھارت سے فنڈنگ اسی مقصد کے لیے آئی ہے۔
حنیف عباسی کا کہنا ہے کہ کبھی آپ اس ملک کے چیف جسٹس پر حملہ آور ہو جاتے ہیں، آج بھی اپوزیشن لیڈر نے دشمن کا کلیجہ ٹھنڈا کیا ہے، ابھی تو ملٹری کورٹ کا ٹرائل بھی ہونا ہے، سیاست میں مضبوط قدم لے کر آتے ہیں، میں جاتا ہوں آپ کے ساتھ، ابھی عشق کے امتحان اور بھی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کی ویڈیو مانگتے ہیں جیسے ساری قوم اور میڈیا اور جج اندھے ہیں، سب کو نظر آ رہا ہے کہ آپ نے پلاننگ کے تحت حملہ کیا، آپ کے خلاف وہ وعدہ معاف گواہ تیار ہو چکے ہیں، آپ بچنے کی تدبیر کریں۔
حنیف عباسی نے کہا کہ بنگلا دیش والے قوم ہیں، ان کی مثالیں نہ دیا کریں، ابھی بھی موقع ہے معافی مانگیں۔
ان کا کہنا ہے کہ شہداء 6 ماہ کے بچے چھوڑ کر وطن پر جانیں نچھاور کر رہے ہیں، انہوں نے شہداء کے لواحقین کے دلوں پر چھری چلائی ہے، یہ دشمن کی زبان بول رہے ہیں۔
حنیف عباسی نے یہ بھی کہا کہ آپ ذرا تھوڑا صبر کریں، آپ کی رات لمبی ہے، اس لیے آرام سے چلیں، میں تو ان کا سانس ہر وقت پھولا ہوا دیکھتا ہوں۔