• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی: میگزین ”میڈیاورس“ کا اجراء و ویب سائٹ کا افتتاح

جامعہ کراچی کے شعبہ ابلاغ عامہ نے جمعرات کے روز پرنٹ وڈیجیٹل میگزین ”میڈیاورس“ کا اجراء اور میگزین کی ویب سائٹ کا افتتاح کیا۔

تقریب کا انعقاد چائنیز ٹیچرز میموریل آڈیٹوریم جامعہ کراچی میں کیا گیا۔

 اس موقع پر رئیس کلیہ فنون و سماجی علوم ڈاکٹر شائستہ تبسم نے ذمہ دارانہ صحافت کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا نے انقلاب برپا کردیا ہے، اب یہ ہم پر منحصر ہے کہ ہم اس سے کتنا مستفید ہونا چاہتے ہیں۔ 

شعبہ ابلاغ عامہ کی صدر شعبہ پروفیسر ڈاکٹر عصمت آراء نے بتایا کہ سیکنڈ ایئر کے طلبا و طالبات کی محنت اور اساتذہ کی رہنمائی کی بدولت پرنٹ  و ڈیجیٹل میگزین کا اجراء ممکن ہوا ہے نہ صرف یہ بلکہ ویب سائٹ کا بھی افتتاح کیا گیا ہے۔ مجھے امید ہے کہ اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور دنیا کا مقابلہ کرنے کے لئے ہمارے طلبہ بھی عصر حاضر کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں گے۔

تقریب کے دوران طلباء نے اپنے ذاتی تجربات سے آگاہ کیا اور میگزین کے خواب کو حقیقت میں بدلنے تک کے سفر کا احوال اور اجتماعی طور پر کی جانے والی کوششوں سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ 

اس موقع پر میڈیاورس کی ویب سائٹ کےلیے آئی او ڈیجیٹل کے ساتھ تین سال کے لیے ایک مفاہمت نامے پر دستخط بھی کیے گئے۔ 

تقریب کے مہمان خصوصی بابر منگی تھے۔ تقریب میں "ڈیجیٹل میڈیا اور اے آئی کے دور میں کانٹینٹ پرینیورشپ" کے عنوان پر پینل ڈسکشن بھی کی گئی۔ 

پینل میں اسد میمن، عثمان ریاض، حسن داؤد پوتا، امت الباویجہ، بلال حسن، ماہم خالد شامل تھے، پینلسٹس نے ڈیجیٹل مواد کی تخلیق اور انٹرپرینیورشپ کے شعبوں میں اپنے تجربات بیان کیے، جس میں ڈیجیٹل میڈیا، اس کے استعمال اور اس میں تواتر کے ساتھ رونما ہونے والی تبدیلیوں سے شرکاء کو آگاہ کیا۔

قومی خبریں سے مزید