• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضل الرحمان کی ہمیں نہ کل ضرورت تھی نہ آج ہے، بیرسٹر سیف

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے ترجمان بیرسٹر سیف نےسربراہ جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) مولانا فضل الرحمان پر تنقید کے تیر چلادیے۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران بیرسٹر سیف نے کہا کہ مولانا کی ہمیں نہ کل ضرورت تھی نہ آج ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے مؤقف اس لیے تبدیل کیا کہ ذاتی مفاد نظر آرہا ہے، جے یو آئی سربراہ اپنےخاندان سے باہر سیاست کو دیکھتے ہی نہیں۔

بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا بھائی سینیٹر بنے گا جبکہ داماد یا سمدھی گورنر بنے گا، جے یو آئی سربراہ نے اب اس نظام کو ہی قبول کرلیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ تاریخی لحاظ سے دیکھا جائے تو مولانا فضل الرحمان کسی کے ساتھ نہیں اپنے ساتھ ہوتے ہیں، یہ وہیں کھڑے ہوں گے جہاں اپنا فائدہ نظر آتا ہے۔

ترجمان خیبر پختونخوا حکومت نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن اور 8 فروری الیکشن پر مولانا کے اعتراض پر ہم ساتھ تھے، اگر اب یہ اپنی سوچ بدل چکے اور مفاد حکومت کے ساتھ ہونے میں نظر آرہا ہے تو انہیں مبارک ہو۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی تحریک اس حد تک ہے کہ خیبر پختونخوا سے تو خاتمہ ہوچکا ہے۔

بیرسٹر سیف نے کہا کہ کے پی میں مولانا فضل الرحمان کی اتنی سیٹیں ہیں کہ ساری اپوزیشن کو ملا کر بھی اسمبلی اجلاس نہیں بلاسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا کی کے پی کی گورنری اور سینیٹ کی دو سیٹوں پر نظر ہے تو شہباز شریف اور آصف زرداری صاحب دے دیں گے۔

قومی خبریں سے مزید