• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف نے اسلام آباد میں میدان سجا لیا

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے کا میدان سج گیا، سنگجانی مویشی منڈی میں قائم جلسہ گاہ میں کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

پی ٹی آئی کے جلسے کے موقع پر اسلام آباد آنے والے اہم راستے 39 مقامات پر بند ہیں۔

راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس، ریڈ لائن، گرین لائن اورنج لائن، بلیو لائن، پنک بس سروس اور فیڈر روٹس بھی بند کر دیے گئے۔ 

اسلام آباد ایکسپریس وے کے دونوں اطراف اور لہتراڑ روڈ سے کھنہ پل پر راستہ بند ہے، ٹیکسلا سے جی ٹی روڈ سنگجانی پوائنٹ پر جی ٹی روڈ دونوں اطراف کی ٹریفک کے لیے بند ہے تاہم ہفتہ وار لگنے والا اتوار بازار معمول کے مطابق کھلا ہے۔

اسلام آباد پہنچنے کے لیے بھارہ کہو کا داخلی راستہ سترہ میل پر بند ہے، موٹر وے ایم 2 اسلام آباد جانے والی سائیڈ بھی بند کر دی گئی ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد کے کون کون سے راستے کُھلے ہیں؟

موٹروے ایم 2 لاہور جانے والی لین ٹریفک کے لیے کھلی ہے، سری نگر ہائی وے بھی دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھلی ہے، اسلام آباد ایئر پورٹ جانے اور واپس آنے کے لیے سری نگر ہائی وے کا راستہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔

راولپنڈی ریلوےاسٹیشن سے سری نگر ہائی وے، فقیر ایپی روڈ اور آئی جے پی روڈ سے پشاور روڈ تک جا سکتے ہیں۔

موٹروے ایم 1 اور ایم 2 ٹریفک کے لیے کھلی ہیں، سری نگر ہائی وے سے موٹروے تک راستہ بھی کھلا ہے۔

جلسے کیلئے پی ٹی آئی کی قیادت کی کارکنوں کو اہم ہدایات

اسلام آباد میں جلسے کے لیے آنے ہونے والے کارکنوں کو پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے اہم ہدایات جاری کر دیں۔

پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے مقامی عہدیداروں کو قافلے میں شامل لوگوں پر کڑی نظر رکھنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کی قیادت نے کارکنوں کو کسی بھی صورتِ حال میں اسلحے کا استعمال نہ کرنے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایات جاری کی ہیں، عہدیداروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ مشکوک شخص نظر آئے تو فوری طور پر اسے پکڑا جائے۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کو یہ ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں کہ جلسے میں کسی قسم کی بدامنی نہیں ہونی چاہیے، یوتھ ونگ ماسک، نمک اور شیلنگ سے بچاؤ کے دیگر آلات اپنے ساتھ رکھیں۔

پی ٹی آئی ذرائع کا بتانا ہے کہ راستے میں آنے والی رکاوٹیں ہٹانے کے لیے قافلوں میں کرینز، واٹر کیننز اور دیگر مشینری بھی شامل ہو گی۔

قومی خبریں سے مزید