• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر لاہور پریس کلب کا علی امین گنڈاپور سے معافی کا مطالبہ، کوریج کے بائیکاٹ کا عندیہ

ارشد انصاری - فوٹو: فائل
ارشد انصاری - فوٹو: فائل

صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈاپور کے الزامات اور خواتین صحافیوں کے بارے میں طنزیہ ریمارکس انکی دماغی صحت پر سوالیہ نشان ہے جبکہ مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا معافی مانگیں ورنہ انکی میڈیا کوریج کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔    

لاہور پریس کلب کے عہدے داروں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی تقریر پر ردعمل دے دیا۔ 

صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے صحافیوں کے بارے میں غیر ذمہ دارانہ الفاظ کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ علی امین گنڈاپور کو احساس ہونا چاہیے کہ وہ ایک اہم اور ذمہ دار عہدے پر فائز ہیں۔ الزامات اور خاتون صحافیوں کے بارے میں طنزیہ ریمارکس انکی دماغی صحت پر سوالیہ نشان ہے۔

ارشد انصاری کا کہنا تھا کہ صحافی برادری کو الزام دینا کسی طور مناسب نہیں، جن صحافیوں کو پیسے دیے ہیں یا جو صحافی بلیک میل کرتے ہیں ان کے نام سامنے لائیں۔

انہوں نے کہا کہ لاہور پریس کلب ہر فورم پر احتجاج کا حق استعمال کرے گا۔

صدر لاہور پریس کلب کا کہنا تھا کہ ریاستی ذمہ داران کو ایسے غیرسنجیدہ رویے پر ان کو لگام ڈالنی چاہیے۔ تحریک انصاف کی قیادت کو بھی وزیراعلیٰ کی اپنی چوائس پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔

ارشد انصاری نے کہا کہ پریس کلب گورننگ باڈی کا مطالبہ ہے کہ علی امین گنڈاپور صحافیوں سے معافی مانگیں، وہ جب تک معذرت نہیں کرتے لاہور میں انکی میڈیا کوریج کا بائیکاٹ کیا جائیگا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ علی امین گنڈاپور نے جو الفاظ استعمال کیے وہ اس عہدے کے شایان شان نہیں۔

قومی خبریں سے مزید