• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دھمکی آمیز زبان اور الزامات، ایمنڈ کا علی امین گنڈاپور سے معافی کا مطالبہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز (ایمنڈ) نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے صحافیوں کے خلاف دھمکی آمیز زبان اور الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے فوری معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔ 

ایمنڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے عوامی جلسے میں صحافیوں سے متعلق انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور نامناسب گفتگو کی، ان پر سنگین الزامات عائد کیے اور دھمکیاں دیں جو ناقابلِ برداشت ہے۔

ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں صحافی انتہائی نامساعد حالات میں اپنے فرائض ادا کر رہے ہیں۔ تمام تر دباؤ اور پابندیوں کے باوجود اپنا فرض ادا کرنے والے صحافیوں کے خلاف اس قسم کی زبان استعمال کرنے پر تحریک انصاف کو وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے باز پرس کرنی چاہیے اور علی امین گنڈاپور کو ان نامناسب الفاظ کی ادائیگی پر صحافی برادری سے معافی مانگنی چاہیے۔

ایمنڈ نے جلسے کی کوریچ کرنے والے بعض چینل کے صحافیوں کو سیاسی کارکنوں کی جانب سے ہراساں کرنے اور انہیں اپنے فرائض کی ادائیگی سے روکنے کے واقعات کی مذمت کی اور کہا کہ سیاسی قیادت کے غیر ذمہ دارانہ بیانات سیاسی جماعتوں کے کارکنان کو اشتعال دلانے کا سبب بنتے ہیں جس سے میڈیا ورکرز کی جان و مال کو خطرات لاحق ہوجاتے ہیں۔

ایمنڈ نے پاکستان میں صحافیوں کو درپیش خطرات اور اظہار رائے پر پابندیوں کی صورتحال پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو غیراعلانیہ سینسرشپ، سیاسی جلسوں اور سرگرمیوں کی کوریج پر غیر قانونی پابندیوں کا سامنا ہے جس سے عوام کا حق معلومات بری طرح متاثر ہورہا ہے۔ آزاد میڈیا سے ہی جمہوری معاشرہ پروان چڑھ سکتا ہے اور یہی ریاست، سیاست اور عوام کے مفاد میں ہے۔

قومی خبریں سے مزید