وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے برئے نیشنل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر مختار بھرتھ نے نیشنل ایمرجینسی آپریشن سینٹر فار اینٹی پولیو اسلام آباد کا دورہ کیا۔
وزارت صحت کے مطابق انھیں اس موقع پر پولیو پروگرام کی جاری مہم پر بریفننگ دی گئی، وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق بھی انکے ہمراہ موجود تھیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا جاری مہم میں 5 سال سے کم کا کوئی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔
انھوں نے کہا وزیراعظم کی قیادت میں پولیو کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے۔
ڈاکٹرمختار بھرتھ نے کہا پولیو کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی بنائی ہے۔ ہائی رسک ڈسٹرکٹ اور یونین کونسل کیلئے جامع پلان بنایا ہے۔ 9 سے 15 ستمبر تک 115 اضلاع میں انسداد پولیو مہم جاری رہے گی۔
ڈاکٹر مختار بھرتھ نے کہا 5 سال سے کم عمر 3 کروڑ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین دی جائے گی۔ والدین اپنے 5 سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔
انھوں نے کہا والدین، سول سوسائٹی، میڈیا، علما کرام، مذہبی اسکالرز پولیو کے خاتمے کیلئے کلیدی کردار ادا کریں۔