انسداد دہشت گردی عدالت میں پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت، زین قریشی اور شیخ وقاص اکرم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کر دی۔
پولیس نے احمد چٹھہ اور عامر ڈوگر کے جسمانی ریمانڈ کی بھی استدعا کی ہے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین کیس کی سماعت کی۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ مقدمے کا پولیس کے پاس کوئی ایک گواہ موجودنہیں۔ آج معلوم ہوا پولیس اتنی گرسکتی ہے، آج صبح مقدمہ درج کیا۔
شیر افضل مروت نے کہا یہ قرآن پر حلف دے دیں کہ وقوعہ ہوا ہے۔ اگر ایک گواہ آکر کہہ دے تو اللّٰہ کی قسم میرا ریمانڈ دے دیں۔
شیر افضل مروت نے مزید کہا پورے اسلام آباد کو انتظامیہ نے بلاک کیا ہوا تھا۔ سڑکیں بند کرنے کی وجہ سے سنگجانی جلسہ تاخیر کا شکار ہوا۔
انھوں نے کہا اسلام آباد پولیس کا بڑی بے دردی سے استعمال ہوا، جج اور وکیل رہا ہوں، میں پولیس پر پستول رکھوں گا کیا؟
شیر افضل مروت کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں کے گھر میں اسلام آباد پولیس نے چوری تک کی ہے۔ پراسیکیوشن کا پورا کیس محض زبانی الزامات پر مبنی ہے۔