• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری شجاعت کا پارٹی کے ناراض دوستوں کو منانے کا فیصلہ

سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی کے ناراض دوستوں کو منانے کیلئے کمیٹی بنادی۔

چوہدری شجاعت حسین طویل عرصے بعد پارٹی کے مرکزی آفس مسلم لیگ ہاؤس پہنچے، ان کا استقبال ہار پہناکر اور گلدستے پیش کرکے کیا گیا۔

اس موقع پر ق لیگ کے سربراہ نے پارٹی رہنما ڈاکٹر امجد کی خدمات کو سراہا اور پارٹی دفتر کو فعال کرنے پر مبارک باد دی۔

انہوں نے ملاقاتیوں کو بتایا کہ اب صحت بہتر ہے، تنظیمی امور کی خود نگرانی کروں گا، پارٹی فیصلے مشاورت سے ہوں گے۔

چوہدری شجاعت حسین نے پارٹی کو مزید فعال کرنے اور ناراض دوستوں کو منانے کےلیے کمیٹی بنانے کا اعلان کیا۔

دوران گفتگو ق لیگی سربراہ نے کہا کہ سیاست خدمت کا نام ہے، اسے منافقت، نفرت اور بدتمیزی کی وجہ سے گالی بنادیا گیا ہے۔ مخالفین کو برے ناموں سےپکارنا اور شکلیں بگاڑنا ہماری سیاسی روایات نہیں رہیں، کارکن اپنی کسی سیاسی، نظریاتی مخالف جماعت کے متعلق کبھی منفی گفتگو نہ کریں۔

چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ نفرت، انتقام اور حسد کی سیاست ملک و قوم کےلیے نقصان دہ اور نوجوان نسل کےلیے زہر قاتل ہے۔

اسلام آباد میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے بھی چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی، اس موقع پر ق لیگی سربراہ نے اُن سے خوش دامن کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔

سردار سلیم حیدر نے دوران گفتگو کہا کہ چوہدری شجاعت حسین ہمارا سیاسی اثاثہ ہیں، چند دنوں سے ان کو متحرک دیکھ کر دلی خوشی ہو رہی ہے، ق لیگی سربراہ کا سیاسی کردار ملک کی صحیح سمت کا تعین کرے گا۔

قومی خبریں سے مزید