وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو اور نواز شریف نے میثاقِ معیشت پر دستخط کیے تھے، ہمارے رابطے اور اختلافات رہے مگر 90 کی دہائی کی تلخی کی طرف نہیں گئے، بلاول بھٹو کی باتوں سے کوئی اختلاف نہیں۔
قومی اسمبلی کے ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور مریم نواز بھی قید میں رہے، آصف زرداری اور فریال تالپر کو بھی قید میں رکھا گیا، آصف زرداری 11 سال جیل میں رہے، ہمارے پروڈکشن آرڈر جاری نہیں ہوئے تھے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ سیاسی اختلاف جمہوریت کا حسن ہے، لیڈر کی رہائی کے لیے احتجاج کرتے ہیں تو نواز شریف اور آصف زرداری کی قید کو بھی یاد کیا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرفتار ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈر اسپیکر جاری کریں تو مجھے کوئی اعتراض نہیں، پی ٹی آئی کے دوران کئی لائنز کراس ہوئیں۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن احتجاج کرے مگر ریڈ لائن کراس نہ کرے، اسپیکر صاحب کوئی راستہ نکالیں کہ ایوان کو فعال کیا جائے، باہر کی تلخی چلتی رہے گی۔