قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 10 گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے۔
پروڈکشن آرڈ میں کہا گیا ہے کہ پولیس گرفتار ممبران کو اجلاس شروع ہونے سے قبل سارجنٹ ایٹ آرمز کے پاس پہنچائے، اجلاس ختم ہونے کے بعد ارکان کو پولیس کی تحویل میں واپس دے دیا جائے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت، عامر ڈوگر، احمد چٹھہ، زین قریشی، زبیر خان وقاص اکرم، اویس حیدر، احد علی شاہ، نسیم علی شاہ اور یوسف خان کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے گئے ہیں۔
اس سے قبل اراکین قومی اسمبلی کی گرفتاریوں کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی نے 4 رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی، کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل سیکریٹری کریں گے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی میں جوائنٹ سیکریٹری ارشد علی، رضوان اللّٰہ اور قائمقام سارجنٹ ایٹ آرمز راجہ فرحت عباس کمیٹی میں شامل ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی کو جلد از جلد فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ اسپیکر کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی 9 ستمبر کو پیش آنیوالے واقعے کے محرکات کا جائزہ لے گی۔ کمیٹی جائزہ لے گی پولیس اور سیکیورٹی ادارے کس کی اجازت سے پارلیمنٹ میں داخل ہوئے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی جائزہ لے گی پارلیمنٹ کی سیکیورٹی نے انہیں اندر آنے کی اجازت کیوں دی؟ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی ان تمام محرکات کا جائزہ لے کر رپورٹ پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ پیر کی رات اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی چیئرمین بیرسٹر گوہر کو پارلیمنٹ کے باہر سے گرفتار کیا تھا، جنہیں گزشتہ روز رہا کردیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے علاوہ شیر افضل مروت اور شعیب شاہین کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔