گوجرانوالہ کی عدالت میں سرکاری اسکول میں 5 طالبات سے زیادتی کے ملزم اسکول ٹیچر کے شوہر عمران کو 6 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔
تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے ڈی این اے سیمپلز فرانزک لیب کو بھیجوادیے ہیں ، ملزم اور متاثرہ بچیوں کا فوٹو گرامیٹک ٹیسٹ بھی کرایا گیا ہے۔
تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ مزید تفتیش اور پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے ملزم کا ریمانڈ درکار ہے۔
عدالت نے ملزم عمران کا 6 روزہ مزید جسمانی ریمانڈ دے دیا۔
واضح رہے کہ گوجرانوالہ میں طالبات سے زیادتی کے الزام میں سرکاری اسکول ٹیچر کے شوہر کو گرفتار کیا گیا تھا۔
ملزم پر 5 مقدمات درج ہیں، جن کو اس نے زیادتی کا نشانہ بنایا ہے کہ ان طالبات کی عمریں 11 سے 14 سال کے درمیان ہیں۔
ملزم نے بچیوں کی زیادتی کی ویڈیوز بھی بنا رکھی تھیں، جس کی وجہ سے متاثرہ بچیاں ڈر کے مارے خاموش رہیں، ملزم کئی سال سے اسکول میں بچیوں کو زیادتی کا نشانہ بنا رہا تھا۔
ایک بچی نے گھر والوں کو بتایا، جس پر والدین نے مل کر پولیس سے رابطہ کیا، 5 بچیوں کے میڈیکل کروا لیے گئے، رپورٹ میں زیادتی ثابت ہوئی۔
پولیس کے مطابق ملزم نے اعترافِ جرم کر لیا ہے، متاثرہ بچیوں کی تعداد زیادہ ہے، واقعے کے بعد اسکول کو بھی تالہ لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔