وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ایک صوبے کا وزیرِ اعلیٰ دوسرے صوبے پرچڑھائی کی باتیں کر کے بغاوت کو ہوا دے رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پہلی ناکام بغاوت کے ثمرات ابھی تک ملک اور ان کی جماعت بھگت رہی ہے، سیاسی میدان اور کارکردگی میں مقابلہ کرنے کے بجائے ذاتیات پر حملے کر کے ہیرو بنتے شرم آنی چاہیے۔
اُنہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے قیدی کی سوچ صوبوں کو آپس میں لڑوانا ہے، صوبائیت اور لسانی کارڈ اڈیالہ جیل کے قیدی کے اپنے گلے پڑیں گے۔
وزیرِ اطلاعات پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں پچھلے 6 سال میں جو بھی ترقی کی راہ میں رخنے ڈالے گئے وہ ایک ہی جماعت نے ڈالے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ جس صوبے میں ان کی 11 سال سے حکومت ہے وہاں بے روزگاری، غربت، مہنگائی عروج پر ہے۔
عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ کے پی اسمبلی میں وزیرِ اعلیٰ کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں۔