وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ ریاستی ملکیتی اداروں کا خسارہ سیکڑوں ارب سالانہ ہے۔
سینیٹ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں سازگار ماحول پیدا کرنا ہے، حکومت کاروباری سرگرمیوں میں بہت ملوث ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ نارکوٹکس کو وزارتِ داخلہ اور ایوی ایشن کو وزارتِ دفاع میں شامل کردیا ہے، کیڈ اور پی ڈبلیو ڈی کو ختم کردیا۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ملازمین جو سروسز کی معیاد پوری کرچکے ان کو قبل از وقت ریٹائرمنٹ دیں گے، جن کی مدت 7 سال تک رہتی ہے ان کو بھی پیکجز دے رہے ہیں۔
وزیرِ قانون نے کہا کہ باقیوں کے لیے سرپلس پول کی آپشن رکھی ہے، رائٹ سائزنگ میں یہ نیت نہیں کہ لوگوں کو بے روزگار کیا جائے، لیگل فریم ورک کے اندر رائٹ سائزنگ ہوگی۔
اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ قانون سے بالاتر ہو کر کسی کو گھر نہیں بھیجا جائے گا، کئی محکموں کی تراش خراش کر رہے ہیں۔