نئے بینک نوٹوں کی سیریز سے متعلق اسٹیٹ بینک نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوری میں آرٹ مقابلے کے ساتھ نئے بینک نوٹوں کی سیریز کی ڈیزائننگ کا عمل شروع کیا گیا۔
کراچی سے اسٹیٹ بینک کے اعلامیہ کے مطابق مقابلے کا مقصد فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا تھا۔
اعلامیہ کے مطابق مقابلے کامقصد بین الاقوامی سطح پر بہترین ڈیزائن کی تیاری میں عوام کو شامل کرنا تھا، ڈیزائنوں کا جائزہ ماہرین پر مشتمل کمیٹی نے لیا، فاتح انٹریز کا اعلان 5 ستمبر کو کیا گیا۔
مقابلے کے نتائج کو بعض حلقوں نے نئے نوٹوں کی سیریز کے ڈیزائنوں کی شارٹ لسٹنگ سے تعبیر کیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق نتائج کے اعلان کا مقصد محض فنکاروں کی کاوشوں کو سراہنا اور انعامات سے نوازنا تھا۔ جن ڈیزائنوں کو فاتح قرار دیا گیا وہ بینک نوٹوں کی نئی سیریز کے لیے شارٹ لسٹڈ ڈیزائن نہیں۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مجوزہ نئی سیریز کے حتمی ڈیزائن مسابقتی عمل کے ذریعے معروف بین الاقوامی کمپنیاں ڈیزائن کر رہی ہیں۔ یہ کمپنیاں دسمبر 2024 تک نئے ڈیزائنز کےلیے اپنی تجاویز پیش کریں گی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق اسٹیٹ بینک بورڈ کی جانب سے منظور کردہ ڈیزائنز جنوری تک وفاقی حکومت کوپیش کیے جائیں گے۔ وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ہی نئے ڈیزائن کے نوٹوں کی سیریز کی چھپائی شروع ہوگی۔
واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کرنسی نوٹوں کی نئی سیریز کے ڈیزائن کےلیے آرٹ مقابلے کا اہتمام کیا تھا، جس کے بعد نئے کرنسی نوٹوں کی تصاویر بھی سامنے آئی تھیں۔
مقابلے کے نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی جیتنے والے مقامی آرٹسٹس کے نام اور ان کے تخلیق کردہ نوٹوں کے ڈیزائنز شارٹ لسٹ کیے گئے، شارٹ لسٹ ہونے والے خوش نصیبوں میں 9 افراد شامل تھے۔