اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کرنسی نوٹوں کی نئی سیریز کے ڈیزائن کے لیے آرٹ مقابلے کے اختتام پر نتائج کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ نئے کرنسی نوٹوں کی تصاویر بھی سامنے آگئیں۔
مقابلے کے نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی مقابلہ جیتنے والے مقامی آرٹسٹس کے نام اور ان کے تخلیق کردہ نوٹوں کے ڈیزائنز شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں۔
شارٹ لسٹ ہونے والے خوش نصیبوں میں 9 افراد شامل ہیں۔
10 روپے مالیت کے بینک نوٹ کے ڈیزائن کا پہلا انعام ڈاکٹر شیری عابدی کو دیا گیا، جبکہ مرزا سفیان نے دوسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
20 روپے کے نوٹ کے لیے ہارون خان، 50 روپے کے لیے سید فواد حسین، 100 روپے اور 5000 روپے کے نوٹوں کے لیے میمونہ افضل کے نام شارٹ لسٹ کیے گیے جنہوں نے دونوں کیٹیگریز میں پہلا انعام حاصل کیا ہے۔
500 روپے مالیت کے نوٹ میں پہلا انعام ہادیہ حسن اور دوسرا انعام عینی زہرا کو دیا گیا، 1000 روپے کے نوٹ میں پہلا انعام نورین اسلم نے حاصل کیا اور 5000 ہزار مالیت کے نوٹ کے لیے دوسری پوزیشن پر کریم محمد رہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق شارٹ لسٹ کیے گئے ڈیزائنز کی نوعیت محض علامتی ہے اور ان ڈیزائنز کو بین الاقوامی ڈیزائنرز کو بھجوایا جا رہا ہے، جو اسٹیٹ بینک کے لیے نئے کرنسی نوٹوں کو تخلیق کریں گے۔
پاکستان کے مرکزی بینک کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی ڈیزائنر اگرچہ مذکورہ ڈیزائنز سے رہنمائی لیں گے، تاہم وہ حتمی ڈیزائن بنانے کے لیے خود اپنی مہارت اور تخیّل کو استعمال کرنے میں آزاد ہوں گے۔
اس حوالے سے اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر سلیم اللّٰہ کا کہنا تھا کہ کل 7 ڈینومینیشن ہیں اس حساب سے 21 انعامات ہیں، پہلا انعام 10 لاکھ روپے ہے، دوسرا انعام 5 لاکھ اور تیسرا انعام 3 لاکھ روپے ہے، ملک بھر میں 17 ہزار برانچز ہیں، عوام اپنے نوٹ باآسانی تبدیل کرا سکیں گے۔