اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز ریفرنس میں اشتہاری ملزم ذلفی بخاری کی جائیداد ریفرنس کے ساتھ منسلک کرنے کے احکامات جاری کر دیے۔
احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اپنے احکامات میں کہا ہے کہ ذلفی بخاری جان بوجھ کر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بنے۔
عدالت نے کہا کہ ذلفی بخاری کو 6 جنوری 2024ء کو عدالت کی جانب سے اشتہاری قرار دیا گیا تھا۔
احتساب عدالت نے کہا کہ ذلفی بخاری اسلام آباد میں مجموعی طور پر 34 کنال اراضی جبکہ اٹک میں مجموعی طور پر 1301 کنال اراضی کے مالک ہیں، ان کی اسلام آباد اور اٹک میں اراضی کو ریفرنس کے ساتھ منسلک کیا جاتا ہے۔
احتساب عدالت نے اپنے احکامات میں مزید کہا ہے کہ ذلفی بخاری کے معلوم ایڈریسز پر نوٹسز جاری کر کے 7 روز میں تعمیلی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے۔