چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا ہے کہ ہمارے لیے تمام ججز قابلِ احترام ہیں لیکن ایکسٹینشن کے بارے میں ٹرینڈ سیٹ کرنا ہو گا، میں نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے بھی کہا ہے کہ ایکسٹینشن نہ لیں۔
بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ آج ایک مرتبہ پھر اسمبلی کے فلور پر پوائنٹ آف آرڈر نہیں ملا۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کی بات کے بعد ٹائم نہیں ملا اس لیے یہاں بول رہے ہیں، خواجہ آصف اپنی زبان ٹھیک کر لیں، جب بولو تو اتنی ہمت کرو کہ جواب بھی سن لیا کرو، میں نے خواجہ آصف سے کہا ہیٹ فگر نہ بنیں۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ کل اسپیشل اجلاس کی ویڈیو آپ نے چلوائی، ہم دل پر پتھر رکھ کر پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں، کل اسپیشل کمیٹی میں کیا ہوا میں آپ کو بتاتا ہوں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سب سے پہلے یہ بات ہوئی کہ میں نے کہا کہ خورشید شاہ کو چیئرمین بنایا گیا، ہم اپوزیشن میں ہیں ہم میں سے چیئرمین بنا دیتے، یہ کمیٹی 25 کروڑ افراد کی نمائندگی کرتی ہے۔