نیپرا نے گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی کو 1 کروڑ روپے جرمانہ کر دیا۔
نیپرا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق گیپکو پر جرمانہ کرنٹ سے بچاؤ کے اقدامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر کیا گیا، گیپکو شوکاز نوٹس کے جواب پر نیپرا کو مطمئن کرنے میں ناکام رہا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ نیپرا نے گیپکو پر جرمانہ لگانے کے فیصلے کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے، گیپکو کو 15روز میں جرمانے کی رقم نیپرا کے اکاؤنٹ میں جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ نیپرا قوانین پر گیپکو عمل درآمد کروانے میں ناکام رہی، گیپکو اپنے انتظامی علاقے میں 100 فیصد پولز کی ارتھنگ کرنے میں ناکام رہا۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ احکامات پر عمل درآمد میں ناکامی پر گیپکو پر مزید جرمانہ لگایا جا سکتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق گیپکو کو اگلے 3 ماہ میں باقی ماندہ اسٹیل اسٹرکچرز کی ارتھنگ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔