مسلم لیگ ن کے رہنما و ممبر قائمہ کمیٹی رانا محمد حیات خان نے مطالبہ کیا ہے کہ کسانوں کو جعلی بیجوں کی فروخت پر گرفتاری اور سزا رکھی جائے۔
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نیشنل فوڈ سیکیورٹی کا اجلاس چیئرمین حسنین طارق کی زیرِ صدارت ہوا، جس میں سیڈ ترمیمی بل 2024ء پر بحث کی گئی۔
ممبر کمیٹی رانا حیات خان نے اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا کہ سیڈ ایکٹ 1976ء میں منظور کیا گیا تھا، اب اس میں ترامیم کی جا رہی ہیں، کسانوں کو ناقص اور جعلی بیجوں کے باعث نقصانات کا سامنا ہے۔
اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ جعلی بیجوں کی فروخت پر گرفتاری اور سزا بھی رکھی جائے۔
وزارتِ فوڈ سیکیورٹی کےحکّام نے بتایا کہ چاول کا ہائیبرڈ سیڈ چین کا ہوتا ہے۔
سیکریٹری فوڈ سیکیورٹی نے بتایا کہ متعلقہ وزیر نے چاول کے ناقص ہائیبرڈ سیڈ کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بنا دی ہے، کمیٹی کو 4 دن میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
جس پر ممبر کمیٹی رانا حیات خان نے کہا کہ میں تحقیقاتی کمیٹی سے مطمئن نہیں ہوں، سارا معاملہ فیڈرل سیڈ سرٹیفیکیشن اینڈ رجسٹریشن ڈپارٹمنٹ اور سیڈ کمپنیز کی ملی بھگت کا ہے۔
ممبر کمیٹی جاوید علی شاہ جیلانی نے کہا کہ زراعت صوبائی معاملہ ہے اس پر مرکز کس طرح قانون سازی کر سکتا ہے۔
جس پر نمائندہ وزارت قانون نے بتایا کہ اس معاملے پر صوبوں سے اجازت لی گئی ہے۔
ممبر کمیٹی ندیم عباس نے کہا کہ زراعت کا معاملہ صوبوں کو 2012ء میں دیا گیا، آپ 1976ء کی اجازت کو استعمال کر رہے ہیں۔
نمائندہ وزارتِ قانون نے جواب دیا کہ ایک بار اجازت مل جائے تو وہ مؤثر رہتی ہے، جب تک اس کوختم نہ کیا جائے، یہ قانون آرڈیننس کے طور پر نگراں حکومت کے دور میں آیا۔
چیئرمین حسنین طارق نے کہا کہ یہ حساس معاملہ ہے اس پر صوبوں سے رائے لی جائے، اس قانون پر وزیرِ فوڈ سیکیورٹی اور وزارتِ فوڈ سیکیورٹی کو بھی اعتراضات ہیں، کمیٹی قانون سازی سے پہلے صوبوں اور وزیر کا مؤقف سنے گی۔
نمائندہ وزارتِ قانون نے بتایا کہ یہ معاملہ ایس آئی ایف سی میں زیرِ غور آیا۔
سیکریٹری فوڈ سیکیورٹی نے بتایا کہ وزارت کہتی ہے کہ بورڈ کا انچارج وزیرِ اعظم کی جگہ وزیرِ فوڈ سیکیورٹی ہونا چاہیے، بورڈ میں سیکریٹری اور ایڈیشنل سیکریٹریز لیول کے افسران کو رکھا ہے۔
سیکریٹری فوڈ سیکیورٹی نے مطالبہ کیا کہ وزیرِ اعظم کی سربراہی میں بورڈ کی بجائے وزیرِ فوڈ سیکیورٹی کو ہیڈ لگایا جائے۔