وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے کراچی ایئر پورٹ پر کارروائی کے دوران جعلی دستاویزات پر عمرے کی آڑ میں سعودی عرب اور بعد ازاں اسپین جانے کی ناکام کوشش کے بعد وطن واپس لوٹنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی کے مطابق آذربائیجان سے پاکستان پہنچنے والے عمیر نامی ملزم کی امیگریشن کلیئرنس کے وقت سامان کی تلاشی کے دوران اسپین کا جعلی پاسپورٹ برآمد ہوا۔
جعلی پاسپورٹ پر ضروری سیکیورٹی فیچرز بھی موجود نہ تھیں۔
ملزم 2 ماہ قبل عمرے کی غرض سے پاکستانی پاسپورٹ پر سعودی عرب گیا تھا، ملزم نے سیالکوٹ میں مقیم مبین نامی ایجنٹ سے ویزا، ٹکٹس اور دیگر دستاویزات حاصل کی تھیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے مجموعی طور پر قابلِ ادائیگی 37 لاکھ روپے میں سے 5 لاکھ روپے ایڈوانس ادا کیے تھے۔
32 لاکھ روپے کی بقایا رقم ملزم نے اسپین پہنچنے پر ادا کرنی تھی۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کو مزید کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔