وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ میں اہم شاہراہوں کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیرخزانہ نے فنڈز جاری کرنے کی یقین دہانی کرادی، یہ یقین دہانی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی ملاقات میں کرائی گئی۔
ملاقات میں چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ، وفاقی سیکریٹری خزانہ امداد اللّٰہ بوسال وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور صوبائی سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی شریک تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر خزانہ سے جامشورو تا سیہون قومی شاہراہ کو مکمل کرنے کا معاملہ اٹھایا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے وفاقی وزیرخزانہ کو بتایا کہ سندھ حکومت نے قومی شاہراہ کی تعمیر کیلئے کافی عرصہ پہلے 7 ارب روپے جاری کر دیے تھے، وزیراعلیٰ سندھ نے مہران ہائی وے کو دو رویہ کرنے سے متعلق بھی بات چیت کی۔
وزیر خزانہ نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دہانی کرائی کہ سندھ میں پی ایس ڈی پی منصوبوں کی فنڈنگ جاری کریں گے۔
ملاقات میں ملک کے معاشی مسائل اور ان کے حل کے امکانات پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔ سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ حکومت ملکی معیشت کی بہتری کیلئے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔