پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی آج بھی اپنی ایک ایک بات پر کھڑے ہیں۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ بلاول نے میرے قائد کیلئے جو کہا اس کو مسترد کرتے ہوئے اسکی مذمت کرتا ہوں، بانی پی ٹی آئی آج بھی اپنی ایک ایک بات پر کھڑے ہیں، وجہ کیا ہے جو پانی کو گدلا کیا جارہا ہے؟
عمر ایوب نے کہا کہ مجھے بلاول بھٹو کو دیکھ کر 1958 کی وہ تصویر یاد آگئی، اس تصویر میں بلاول کے نانا ذوالفقار علی بھٹو میرے دادا ایوب خان سے حلف لے رہے تھے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ آڈیٹر جنرل نے جو آڈٹ کیا ہے اس کے مطابق وزارت دفاع میں 566 ارب روپے کی بےضابطگیاں ہیں، احتساب کرنا ہے تو سب کا کریں ،احتساب سب کا ہونا چاہیے۔
عمر ایوب نے کہا کہ ہم علی امین کے ساتھ کھڑے تھے اور کھڑے ہیں، خیبر پختونخوا کے عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی جا رہی ہے، اگر صرف شفاف الیکشن ہوتا تو اصل مینڈیٹ کے حامل لوگ ایوان میں آتے۔
اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری نے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ پاکستان کے عوام آج گالم گلوچ کی سیاست کے ساتھ نہیں ہیں۔ اس شخص نے سیاست چمکانے اور ریلیف کیلئے ہر ادارے پر حملہ کیا، کل رات جمہوریت پر حملہ کیا گیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے بیان میں چیف جسٹس کے خلاف توہین عدالت کی گئی، آرمی چیف کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی، بانی پی ٹی آئی کو اس بیان کے قانونی نتائج بھگتنا ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی تحقیقات کرے کہ کیا یہ واقعی بانی پی ٹی آئی کا بیان ہے؟ اگر یہ بیان بانی پی ٹی آئی کا نہیں تو اپوزیشن لیڈر وضاحت دیں، وضاحت آنا بہت ضروری ہے۔