کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں حکومت سندھ نے بتایا ہے کہ حب کینال کی بحالی کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے اور یہ اگلے سال مکمل ہوجائے گا، کے فور منصوبے کے چاروں حصوں پر کام جاری ہے اور اپریل 2027 تک اس سے پانی کی کراچی کو فراہمی شروع ہونے کی توقع ہے،وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پرائیویٹ کچرا اٹھانے والے اس وقت مافیا کی صورت اختیار کرگئے ہیں اور اس وقت یہی سب سے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے کیونکہ وہ کچرا اٹھا کر اپنے مطلب کا سامان اس میں سے نکال کر دوسرا کچرا نالوں میں پھینکتے ہیں۔ گھر گھر کچرا اٹھانے کے یوسی یا ٹاؤن کی جانب سے پرائیویٹ لوگوں کو دئیے جانے والے اجازت نامے غیر قانونی ہے، ان کو یہ اختیار حاصل نہیں ہے۔ ڈسٹرکٹ سینٹرل میں سال 2023-24میں کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے تحت سیوریج کی 96 اسکیموں کو مکمل کیا گیا ہے، جبکہ کے ڈی اے، کراچی میگا پروجیکٹ اور 2022 تک ڈی ایم سیز کے تحت کئی سیوریج اسکیموں کو مکمل کیا گیا۔ ارکان سندھ اسمبلی اگر کسی مسئلہ کی نشاندہی کرتا ہے تو متعلقہ وزیر اور افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کے نہ صرف فون اٹھائیں بلکہ ان کو حل بھی کریں۔ حب کینال کی بحالی کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے اور یہ اگلے سال مکمل ہوجائے گا، کے فور منصوبے کے چاروں حصوں پر کام جاری ہے اور اپریل 2027 تک اس سے پانی کی کراچی کو فراہمی شروع ہونے کی توقع ہے۔ یہ باتیں انھوں نے پیر کے روز سندھ اسمبلی میں محکمہ بلدیات سے متعلق ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے بتائیں۔