کراچی(اسٹاف رپورٹر) 26ویں آئینی ترمیم کے حوالے سےکراچی بار ایسوسی ایشن نے مجوزہ آئینی ترمیم کو خفیہ رکھنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ کراچی بار کا کہنا ہے کہ مجوزہ ترامیم کو خفیہ رکھ کر پارلیمنٹ کے طریقہ کار کی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔کراچی بار ایسوسی ایشن نے وکلا برادری اور عدلیہ سے آئینی ترامیم کے خلاف مزاحمت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آئین کے تحفظ اور عدلیہ کی آزادی کے لئے متحد ہوں، کراچی بار کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ججز کی مدت ملازمت اور عمر کی حد میں مجوزہ ترامیم بنیادی آئینی اسٹرکچر کے خلاف ہے، مجوزہ ترامیم آئین، سپریم کورٹ اور عدلیہ کی آزادی پر حملہ ہے، مجوزہ ترامیم صرف قومی مباحثے اور اتفاق رائے کے ذریعہ ہی ممکن ہیں۔