پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سپر ہائی وے پر قتل ہوا شاہنواز میرا ڈرائیور تھا۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ شاہنواز میرے پاس 20 سال سے ڈرائیور تھا، وہ میرے پاس گھر آنے کے لیے نکلا تھا کہ قتل ہو گیا۔
حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ مقتول کی موٹر سائیکل غائب ہے جبکہ دیگر قیمتی اشیاء موجود ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ پولیس کے اعلیٰ افسران سے کہا ہے کہ میرٹ پر تفتیش کی جائے، تفتیش کے بعد پتہ چلے گا کہ قتل کی اصل وجہ کیا ہے، مقتول ڈرائیور نے کبھی کسی خطرے یا دھمکی کا ذکر نہیں کیا۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول صبح 4 بجے گھر سے نکلا تھا، اس کی لاش صبح 6 بج کر 50 منٹ پر سڑک کنارے سے ملی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شبہ ہے کہ مقتول کو ملزمان نے کسی اور مقام پر قتل کیا اور لاش سپر ہائی وے آغا خیل گراؤنڈ کے قریب پھینک دی۔