بالی ووڈ کے کنگ شاہ رُخ خان اپنے بیٹے آریان خان کو فلم ’میں ہوں ناں‘ کے ساتھی اداکار زید خان جیسا بنتے دیکھنا چاہتے تھے۔
اداکار زید خان نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ فلم ’میں ہوں ناں‘ کے مرکزی کردار شاہ رخ خان چاہتے تھے کہ ان کا بیٹا میرے جیسا ہو۔
یاد رہے کہ 2004ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’میں ہوں ناں‘ میں شاہ رخ خان اور زید خان نے اپنی آن اسکرین پرفارمنس سے کروڑوں شائقین کے دل جیت لیے تھے، اس جوڑی کو تاحال یاد کیا جا تا ہے۔
حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران زید خان نے ماضی کے ایک لمحے کی یاد تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایک بار شاہ رخ خان نے مجھ سے ذکر کیا کہ تھا انہیں امید ہے کہ ان کا بیٹا آریان خان مجھ جیسا بنے گا۔
سبھوجیت گوش کے ساتھ گفتگو کے دوران زید نے شیئر کیا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران شاہ رخ بھائی ہمیشہ مائیک پر کہتے کہ مجھے امید ہے کہ میرا بیٹا آریان بڑا ہو کر زید جیسا بنے گا۔
زید خان نے بتایا کہ میں آریان خان سے کافی عرصے بعد ملا ہوں اور وہ اب بہت سنجیدہ لڑکا نظر آتا ہے، شاہ رخ خان نے ملاقات کے دوران مجھ سے دریافت کیا کہ آریان خان کیسا لگا؟ میں نے جواب میں بتایا کہ اس میں ایک چنگاری سی پیدا ہو گئی ہے، اس پر شاہ رخ بھائی نے پوچھا کہ کیسی چنگاری؟ میں نے شاہ رخ بھائی کو بتایا کہ 440 وولٹ جسیسی چنگاری۔
انٹرویو کے دوران زید نے فلم ’میں ہوں ناں‘ کے ایک سین کی شوٹنگ پر پیش آنے والے واقعے پر بھی بات کی۔
اداکار نے بتایا کہ مجھ سے ایک سین شوٹ نہیں کروایا جا رہا تھا، میں شاہ رخ خان اور کرن کھیر کے سامنے پہلی بار پرفارم کر رہا تھا، میں بہت زیادہ دباؤ میں تھا، اس دوران مجھے شاہ رخ خان نے ہی مشورہ دیا کہ میں سیٹ سے ہٹ کر کسی خالی کمرے میں جا کر اپنے سین کی ریہرسل کروں اور میں نے ایسا ہی کیا، جب میں نے وہ سین دوبارہ سے شوٹ کروایا تو سب نے داد دی اور تالیاں بجائیں۔
انہوں نے بتایا کہ شاہ رخ خان نے ہمیشہ میری رہنمائی کی اور وہ مجھے کام سکھانے میں پیش پیش رہے ہیں۔