• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2 لاپتہ بھائیوں کے شناختی کارڈ بلاک کر دیے: نادرا کی سندھ ہائیکورٹ میں رپورٹ جمع

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

دو بھائیوں سمیت 14 لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے دائر درخواستوں کی سماعت کے دوران نادرا نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ 2 لاپتہ بھائی معاذ اور طلحہٰ کا قومی شناختی کارڈ بلاک کر دیا گیا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ میں 2 بھائیوں سمیت 14 لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے دائر درخواستوں پر  سماعت ہوئی۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ دونوں لاپتہ بھائیوں کے اہلِ خانہ کو حکومت کی جانب سے معاوضہ دیا جا رہا ہے، جن لاپتہ افراد کی جبری گمشدگی کا تعین ہو چکا ہے انہیں معاوضہ دیا جا رہا ہے۔ 

سرکاری وکیل کے بیان پر جسٹس نعمت اللّٰہ پھلپوٹو نے کہا کہ معاوضہ نہیں لاپتہ افراد کی بازیابی سے مطلب ہے، لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

اس حوالے سے عدالت نے آئی جی سندھ، ڈی جی رینجرز، وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے رپورٹس طلب کر لیں۔

سندھ ہائی کورٹ نے ایف آئی اے سے گمشدہ افراد کی ٹریول ہسٹری بھی طلب کرتے ہوئے کہا کہ بیشتر کیسز میں جے آئی ٹیز کے 24، 24 اجلاس ہو چکے ہیں، متعدد جے آٹی ٹیز اجلاسوں کے باوجود لاپتہ افراد کا سراغ نہیں لگایا جا سکا جو لمحۂ فکریہ ہے۔

عدالت نے ستار ایڈووکیٹ کے بیٹے نور محمد اور ڈرائیور قادر کی بازیابی کے لیے پولیس کو اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔

تفتیشی افسر نے کہا کہ گمشدہ شہری نور محمد کے اہلِ خانہ سے کئی بار رابطہ کیا مگر فیملی تعاون نہیں کر رہی، عبدالستار کا ڈی این اے سیمپل لینا ہے۔

قومی خبریں سے مزید