جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ انہوں نے حکومت کا مجوزہ مسودہ یکسر مسترد کردیا ہے، اب تو حکومت یہ بھی کہہ رہی ہے کہ ہمارا کوئی مسودہ تھا ہی نہیں۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے رہنما کی اسد قیصر کے گھر سے روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم نے حکومت کا مجوزہ مسودہ مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے، وہ کسی بھی طرح قابل قبول نہ تھا۔
انھوں نے کہا وہ تو یہ بھی کہتے ہیں کہ ہمارا مسودہ نہیں پھر جو مسودہ دیا گیا وہ کیا تھا۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ مسودہ کسی کو دیا گیا کسی کو نہیں دیا گیا۔ جو ہمیں مسودہ دیا گیا اسکا مطالعہ کیا وہ کسی طرح بھی قابل قبول نہ تھا۔
جے یو آئی سربراہ نے کہا کہ یہ ملک اور قوم کی امانت میں اس سے بڑی خیانت نہ ہوتی اگر ہم اس کا ساتھ دیتے۔
صحافی نے مولانا فضل الرحمان سے سوال کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے آپ کو کوئی جواب نہیں دیا، جس پر مولانا فضل الرحمان نے مسکراتے ہوئے کہا میں بھی کوئی جواب نہیں دے رہا۔