بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کو مراٹھی زبان کے ایک لفظ کی غلط ادائیگی پر معافی مانگنا پڑ گئی۔
بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے حال ہی میں ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ ہندی اور مراٹھی زبان میں 'گندگی نہ پھیلانے' کا عہد کرتے نظر آئے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں امیتابھ بچن کے مراٹھی لفظ 'کچرا' کی غلط ادائیگی نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کی جس کے باعث انہیں تنقید کا بھی نشانہ بنایا جانے لگا۔
تاہم اس پر امیتابھ بچن نے فوراً معذرت پیش کی اور اپنی غلطی کو درست کرتے ہوئے دوبارہ سے ویڈیو بھی شیئر کردی۔
اپنی نئی ویڈیو میں پیغام دیتے ہوئے امیتابھ بچن نے یہ بھی کہا کہ چند دن پہلے میں نے ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں، میں نے کہا تھا کہ میں گندگی نہیں پھیلاؤں گا۔ میں نے یہ مراٹھی میں بھی کہا تھا لیکن میرے دوست سدیش بھوسلے نے نشاندہی کی کہ میں نے لفظ کچرا کی غلط ادائیگی کی تھی۔ آج میں اسے درست کر رہا ہوں۔
سوشل میڈیا صارفین نے امیتابھ بچن کی اس عاجزی کو سراہا۔ ایک مداح نے لکھا، "کوئی بات نہیں سر، یہ بڑی غلطی نہیں تھی" جبکہ دوسرے صارف نے تبصرہ کیا، "آپ ایک عظیم، سخی اور مہربان انسان ہیں"۔