بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے قومی ترانے کا احترام نہ کرنے کے افغان سفارتکاروں کے عمل کی مذمت سے گریز کیا ہے۔
اڈیالہ جیل میں گفتگو کے دوران اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی صحافی کے سوال پوچھنے پر ناراض ہوگئے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک میں اس سے بڑے ایشوز ہیں، ان پر بات کریں، ان سے پوچھا گیا کہ چارٹر آف ڈیموکریسی پر آپ کے بھی دستخط ہیں جس میں آئینی عدالت کا قیام شامل تھا۔
جس کے جواب میں بانی پی ٹی آئی بولے اُس وقت کچھ اور پس منظر تھا، آج کی آئینی ترامیم کے پیچھے کچھ اور مقاصد ہیں۔
آئینی عدالت کے قیام کی حمایت کے سوال پر بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اس پر پہلے ڈسکشن ہونی چاہیے تھی، رات کے اندھیرے میں ترمیم کے پیچھے کی نیت اب سب جان چکے ہیں۔
یاد رہے کہ پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل چند روز قبل قومی رحمت اللعالمینﷺ کانفرنس کے موقع پر قومی ترانے کے احترام میں کھڑے نہیں ہوئے تھے۔
افغان قونصل خانہ پشاور نے پاکستان کے قومی ترانے کی بےحرمتی سے متعلق وضاحتی بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کے قومی ترانے کی بےحرمتی اور بےتوقیری ہرگز مقصد نہیں تھا۔ قومی ترانے میں میوزک تھا اس لیے قونصل جنرل کھڑے نہیں ہوئے۔