• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن لیڈر کی مارشل لاء سے متعلق بات درست نہیں، عقیل ملک

بیرسٹر عقیل ملک : فوٹو فائل
بیرسٹر عقیل ملک : فوٹو فائل

وزیراعظم کے مشیر قانون بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی مارشل لاء سے متعلق بات درست نہیں، حکومت اتحادیوں کے ساتھ جمہوریت پر یقین رکھتی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’کیپٹل ٹاک‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ اپوزیشن کا کمیٹی میں بیٹھنا بھی جمہوری باتیں ہیں، کسی کو پارلیمنٹ کے اندر سے گرفتار کرنا غلط بات ہے، تحقیقات ہونی چاہیے، وزیراعظم اور اسپیکر سے کہا کہ پارلیمنٹ میں گرفتاری غلط ہوئی ہے۔

عقیل ملک نے کہا کہ کشمیر ایشو پر ہمارا واضح مؤقف ہے، کشمیریوں نے جو ظلم برداشت کیا ہم ان کے ساتھ ہیں، امید ہے نیویارک میں وزیراعظم کشمیر ایشو پر توجہ رکھیں گے۔

پروگرام میں شریک پی ٹی آئی رہنما زین قریشی نے کہا کہ جب سے موجودہ حکومت آئی ہے فارن پالیسی نظر نہیں آتی۔

انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کا اجلاس اتوار کو بلا لیاجاتا ہے، آئینی ترمیم پاس نہیں کروا سکے۔

مخصوص نشستوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ ایک جماعت نے وہ سیٹیں نہیں مانگیں، لسٹ جمع نہیں کروائی، سنی اتحاد کونسل نے بیان حلفی جمع کروایا، سپریم کورٹ سرٹیفکیٹ کیسے دے سکتی ہے، یہ کام الیکشن کمیشن کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  میں نے 3 دن میں ن لیگ کا سرٹیفکیٹ جمع کروایا، ایک بار بیان حلفی الیکشن کمیشن میں جمع کروادیا پھر نہیں ہوتا، آئین اور قانون واضح ہے، 3 دن میں آپ نے انتخاب کرنا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما زین قریشی نے کہا کہ ان کے نمبرز پورے نہیں ہوئے، دوسرا طریقہ ان کا مخصوص نشستیں ہیں، 8 فروری کو بانی پی ٹی آئی کے نام پر ہمیں ووٹ ملا، یہ سیٹیں پی ٹی آئی کی ہیں، ہمیں ملنی چاہئیں۔

مشیر قانون بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ ہمیں آئینی ترمیم پاس کروانی ہوتی تو حلف لینے کے بعد لاتے، ہم آئینی ترمیم سے متعلق سب کو آن بورڈ لے رہے ہیں۔

زین قریشی نے کہا کہ اگر کوئی آزاد امیدوار ہے تو کسی بھی وقت کسی جماعت کا تعین کرسکتا ہے، سپریم کورٹ نے فیصلہ کر لیا، 8 ججز نے اپنا وضاحتی نوٹ پیش کر دیا، اسپیکر کو کیوں ضرورت پیش آئی کہ الیکشن کمیشن کو خط لکھنا چاہیے، ہمارے مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کی ہے، اسپیکر کو کیا جلدی تھی مخصوص نشستوں کے فیصلے کے لیے۔

قومی خبریں سے مزید