• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِاعظم شہباز شریف کا ’امن کے عالمی دن‘ پر پیغام

وزیرِاعظم شہباز شریف---فائل فوٹو
وزیرِاعظم شہباز شریف---فائل فوٹو 

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ’امن کے عالمی دن‘ کے موقع پر دیے گئے پیغام میں کہا کہ آج کے دن ہمیں فلسطین کے معصوم لوگوں کی حالت زار کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

وزیرِ اعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ امن کے لیے یو این کی قراردادوں اور فلسطینیوں کی امنگوں کے مطابق تنازع کا پرامن حل وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستان دنیا میں امن کے فروغ کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے، عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ پُرامن دنیا کے فروغ کے لیے عالمی برادری کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، آج کی دنیا بے شمار تنازعات کے باعث تقسیم کا شکار ہے، اقوامِ عالم کے مابین اختلافات کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا ہے کہ امن کے مشترکہ مقصد کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اپنانے کی ضرورت ہے، پاکستان بات چیت کے ذریعے خطے میں امن واستحکام کو فروغ دینے پر یقین رکھتا ہے، امن و استحکام کو فروغ کے لیے دیرینہ تنازعات کو حل کرنا ضروری ہے۔

وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ خطے میں جموں و کشمیر کا تنازع ایک دیرینہ مسئلہ ہے، پائیدار حل کی بنیاد غیرجانبدارانہ رائے شماری، سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد ہے۔

اس سے قبل صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ اسرائیل نے فلسطین میں دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔

عالمی یومِ امن کے موقع پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ عالمی یوم امن پر اقوامِ عالم کے مابین امن کے اصولوں کے ساتھ وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج دنیا کو مختلف علاقوں میں جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور تنازعات کا سامنا ہے، تنازعات عالمی امن کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید