• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کی جو بائیڈن سے باقاعدہ ملاقات طے نہیں، منیر اکرم

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ افغان طالبان کی بہت سی پالیسیوں سے اختلاف کے باوجود رابطے ضروری ہیں۔

امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں منیر اکرم نے کہا کہ اقوام متحدہ اجلاس کے سائیڈلائن پر شہباز شریف کی جو بائیڈن کے ساتھ باقاعدہ ملاقات طے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل میں خطاب کریں گے، اُن کی یو این جنرل سیکریٹری انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات طے ہے۔ وزیر اعظم شہباز کی دیگر اہم ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقات ہوگی،

منیر اکرم نے مزید کہا کہ جغرافیہ نہیں بدل سکتا، ہمسایہ ممالک کے ساتھ ہمیں تعلق رکھنا ہی ہے۔ افغان طالبان کی بہت سی پالیسیوں سے اختلاف کے باوجود رابطے ضروری ہیں، کئی مسائل ہیں لیکن ہمارا تعلق افغان عوام سے ہے۔

یو این میں پاکستان کے مستقل مندوب نے یہ بھی کہا کہ افغان، پاکستان عوام کے درمیان تعلق نہیں بدلتا، افغان حکومت کے ساتھ اختلافات کے حل کے لیے کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی سیکیورٹی کےلیے جو ایکشن لینا ہے وہ لے رہے ہیں، جہاں سفارت کاری کی ضرورت ہے وہاں سفارتی کوششیں جاری رکھیں گے۔

منیر اکرم نے کہا کہ ہمارا مؤقف برقرار ہے، افغانستان کے منجمد اثاثے جاری کیے جائیں، ہم افغان عوام کی مدد اور ان کی حکومت کی غلطیاں درست کرنا چاہتے ہیں، افغانستان سے متعلق ہماری جامع پالیسی ہے جو جاری رہے گی۔

قومی خبریں سے مزید