• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ماضی کی اداکارہ کنول نعمان آج کل کہاں ہیں؟


پاکستان شوبز انڈسٹری سے ماضی میں وابستہ پی ٹی وی کی اداکارہ کنول نعمان نے اداکاری چھوڑ نے کی وجہ بتا دی۔

سابقہ اداکارہ نے حال ہی میں ایک پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شوبز سے دوری کی وجہ سیاست کو ٹھہرا دیا۔

پی ٹی وی کے دور میں اداکاری کے شعبے سے وابستہ کنول نعمان کسی تعارف کی محتاج نہیں ہیں۔

حالیہ پروگرام میں جب ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے اداکاری سے کنارہ کشی کیوں کی؟ تو انہوں نے بتایا کہ میں نے اداکاری اس لیے چھوڑ دی کیونکہ میں نے سیاست شروع کر دی تھی اور میں نہیں چاہتی تھی کہ لوگ یہ کہیں کہ کہ کنول سمجیدہ نہیں ہے، یہاں بھی اداکاری کر رہی ہے اور سیاست میں بھی اداکاری کر رہی ہے۔

ن لیگی رہنما نے بتایا کہ میرا فیملی بیک گراؤنڈ سیاست سے وابستہ نہیں تھا تو جب میں نے سیاست میں قدم رکھا تو سب کچھ میرے لیے نیا تھا اور مجھے بہت کچھ سیکھنا تھا، جب آپ اداکاری بھی ساتھ ساتھ کر رہے ہوں تو یہ ممکن نہیں ہے کہ آپ دونوں کام توجہ سے کریں۔

ماضی کی اداکارہ نے بتایا کہ سیاست میں قدم رکھنے کے بعد بھی کئی بار ڈراموں کی آفرز ہوئیں، مجھے فون کالز موصول ہوئیں جن کے ذریعے معلوم کیا گیا کہ کیا میرے پاس ڈیٹس ہیں؟ ریکارڈنگ کے لیے جب میں نے ہامی بھری تو دوبارہ کسی نے رابطہ نہیں کیا، ابتداً مجھے لگا کہ اتفاق ہے لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ نہیں لوگ میرے سیاسی کیریئر سے خوف زدہ ہو جاتے تھے۔

انہوں نے بتایا کہ پروڈکشن والوں کو لگتا تھا کہ میں ڈیٹس نہیں دوں گی یا بتائی گئی ڈیٹس پر شوٹ پر نہیں آؤں گی کیونکہ میں سیاست دان بن گئی ہوں اور مجھے ہر وقت سیاسی جلسوں وغیرہ میں شرکت کے لیے جانا ہو گا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید