سوہا علی خان نے اپنے بھائی سیف علی خان پر حملہ افسوسناک قرار دے دیا۔
بالی ووڈ اداکارہ سوہا علی خان ان دنوں اپنی فلم چھوری 2 میں منفرد اور چونکا دینے والے کردار داسی ماں کے لیے خوب داد سمیٹ رہی ہیں، یہ فلم 2021ء کی ہارر فلم چھوری کا سیکوئل ہے، جس میں نصرت بھرچچا نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔
فلم کی پروموشن کے دوران سوہا سے ان کے بھائی سیف علی خان پر رواں سال کے شروع میں ہونے والے حملے کے بارے میں سوال کیا گیا۔
سوہا نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حملہ بہت افسوسناک تھا اور افسوسناک بات یہ بھی تھی کہ یہ پرتشدد ہو گیا، لیکن ہم اب اس بات پر توجہ دے رہے ہیں کہ اللّٰہ کا شکر ہے کہ سیف کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، وہ مکمل صحت یاب ہو چکے اور ہم خود کو خوش قسمت محسوس کرتے ہیں، اگر یہ صرف ایک ملی میٹر اِدھر اُدھر ہو جاتا تو معاملہ خطرناک ہو سکتا تھا۔
سیف علی خان اب اپنی نئی فلم Jewel Thief کی ریلیز کی تیاری کر رہے ہیں، جو 25 اپریل 2025ء کو نیٹ فلکس پر ریلیز ہو گی۔