گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ اس وقت صوبے کے جنوبی اضلاع نو گو ایریا بنے ہوئے ہیں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے بعد صوبے میں امن قائم کرنا صوبائی حکومت کی ذمے داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت جنوبی اضلاع نو گو ایریا بنے ہوئے ہیں، سندھ میں اگر موبائل چوری ہوجائے تو آپ کہتے ہیں کہ وزیراعلیٰ سندھ کہاں ہے۔
گورنر خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ کل جو سوات میں سفارتکاروں کے ساتھ ہوا وہ سب نے دیکھا، خیبر پختونخوا میں آج لوگوں کے جان و مال کا تحفظ کرنا کس کی ذمے داری ہے؟
اُن کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کو 600 ارب روپے این ایف سی ایوارڈ میں ملے وہ کدھرخرچ ہوئے، کیا وہ جلسے جلوسوں اور اپنی عیاشیوں کےلیے خرچ کیے گئے؟
فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی کہا کہ خیبر پختونخوا میں آج اگر پولیس کے پاس وسائل نہیں ہیں تو وہ کیوں نہیں ہیں، صوبائی حکومت کا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے کرپشن کرپشن کرپشن۔