• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی کیلئے مزید کروڑوں کے منصوبوں کی منظوری دیدی گئی

راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) پنجاب حکومت نے راولپنڈی کیلئے مزید کروڑوں روپے کے منصوبوں کی منظوری دیدی‘ جس میں فوڈ سٹریٹ راولپنڈی کی ازسرنو تزئین و آرائش کیلئے پانچ کروڑ روپے جبکہ پی پی چودہ کے نالوں کی بحالی و تعمیر کیلئے سات کروڑ روپے شامل ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ایم پی اے راجہ حنیف نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) راولپنڈی کے صدر سردار نسیم احمد خان بھی موجود تھے۔ اُنہوں نے بتایا کہ این اے 55میں سیدپور روڈ کو آئی جے پی روڈ سے ملانے کیلئے توسیعی منصوبہ پر لاگت کا تخمینہ 7کروڑ روپے ہے جس میں 2کروڑ روپے روڈ لائٹس کیلئے ہیں۔ راجہ حنیف اور سردار نسیم احمد خان نے بتایا کہ لیاقت باغ سے کوڑا ٹرانسفر اسٹیشن کی منتقلی کیلئے ایک اہم اجلاس طلب کر لیا گیا ہے جس میں وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق مسئلے کا حل نکالا جائیگا۔ شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس میں ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے آسٹروٹرف بچھ گئی ہے جبکہ جرنیٹرز بھی خرید لئے گئے ہیں۔ راجہ حنیف نے بتایا کہ فوڈ سٹریٹ کو ماڈل بنایا جائیگا‘ اس کا ٹینڈر بھی جاری ہونے والا ہے۔ فوڈ سٹریٹ کی ازسرنو تزئین و آرائش، غیرقانونی قابضین کیخلاف کارروائی اور کرایہ داروں کے ساتھ نئے سرے سے معاملات طے کئے جائیں گے۔ اُنہوں نے بتایا کہ نالوں کیلئے فنڈز اور ٹینڈر جاری ہو گئے ہیں‘ جس کا کام جلد شروع ہو جائیگا۔ 
تازہ ترین