• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راولپنڈی موٹر برانچ میں مالی بے قاعدگیوں کی رپورٹ جلد طلب

راولپنڈی (ساجدچوہدری،اپنے نامہ نگار سے) ڈائریکٹر جنرل ایکسائز ، ٹیکسیشن اینڈ نارکاٹکس کنٹرول  پنجاب نے انکوائری افسر کو  راولپنڈی کی موٹر برانچ میں لائف ٹائم ٹوکن ٹیکس میں ہونے والی مبینہ14 کروڑ روپے کی بے قاعدگیوں کی انکوائری رپورٹ جلد انہیں بھجواٰنے کی ہدایت کر دی ہے ، اس حوالے سے انہیں ریمائنڈر بھی بھجوایا گیا اور زبانی بھی تاکید کی گئی ہے  کہ اس میں بہت زیادہ تاخیر ہو چکی ہے لہٰذا جلد انہیں رپورٹ بھجوائی جائے، راولپنڈی کی موٹر برانچ میں تین سال قبل  لائف ٹائم ٹوکن ٹیکس وصولیوں میں مبینہ کروڑوں روپے کی  مالی بے قاعدگیوں کی انکوائر ی رپورٹ انکوائری افسر ڈائریکٹر ایکسائز مسعود الحق نے تقریباً تین ماہ قبل مکمل کر کے ڈی جی ایکسائز پنجاب محمد اکرم اشرف گوندل کو  فیصلہ کیلئے پیش کر دی تھی جس میں انہوں نے ذمہ دار ایکسائز اہلکاروں  کیخلاف سخت محکمانہ سزائیں نوکری سے برطرف تک کی  بھی بعض ملازمین کو تجویز کی تھیں مگر اس دوران ڈی جی  ایکسائز نے  متعلقہ ملازمین کی ذاتی شنوائی کے بعد اور ان کی طرف سے ریکارڈ پیش کرنے کے بعد رپورٹ واپس انکوائری افسر کو بھجوا دی تھی اور اس میں موجود کچھ خامیوں کی نشاندہی کی تھی کہ اس کو دور کر کے انہیں دوبارہ انکوائری رپورٹ بھجوائی جائے مگر تین ماہ گزرنے کے باوجود رپورٹ واپس ڈی جی ایکسائز پنجاب کو نہیں بھجوائی جا سکی ہے ، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب محمد اکرم اشرف گوندل سے جب اس حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے  اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس حوالے سے بہت وقت گزر گیا ہے تاہم انہوں نے انکوائری رپورٹ جلد بھجوانے کیلئے انکوائری افسر کو نہ صرف ریمائنڈر بھجوایا ہے بلکہ زبانی بھی تاکید کی ہے ، ادھر متاثرہ ملازمین کا کہنا ہے کہ انہوں نے ذاتی شنوائی کے دوران لائف ٹائم ٹوکن ٹیکس کے حوالے سے تمام رسیدیں اتھارٹی کے پاس جمع کروا دی تھیں ، ہم پر مالی بےقاعدگیوں کا محض الزام ہے عملاً حقیقت کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔
تازہ ترین