الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے وضاحتی آرڈر میں چند پوائنٹس پر ریویو داخل کر دیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر الیکشن ایکٹ میں ترمیم کے بعد کی صورتحال پر الیکشن کمیشن گزشتہ چند روز سے اس پر غور و خوض کر رہا تھا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ غور و خوض کے نتیجے میں اقدامات کیے گئے، سپریم کورٹ کے وضاحتی آرڈر میں چند پوائنٹس پر ریویو داخل کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ تفصیلی آرڈر آچکا ہے لہٰذا پہلے سے دائر ریویو پر ایڈیشنل گراؤنڈز داخل کیے گئے، سپریم کورٹ کے آرڈر، منظور شدہ قانون کی روشنی میں عمل کرنا ہوگا اس پر اپیل داخل کی گئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سپریم کورٹ کے 8 رکنی بینچ نے مخصوص نشستوں کے کیس میں الیکشن کمیشن اور پی ٹی آئی کی درخواستوں پر وضاحت میں کہا تھا کہ 12 جولائی کے فیصلے میں کوئی ابہام نہیں ہے۔
اکثریتی ججز نے لکھا تھا کہ سپریم کورٹ کا 12 جولائی کا شارٹ آرڈر بہت واضح ہے اور الیکشن کمیشن نے اس حکم کو غیر ضروری طور پر پیچیدہ بنایا ہے جب کہ فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے کے سنگین نتائج ہوں گے۔